لاہور( سپورٹس ڈیسک)سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے کہا ہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز باصلاحیت ہیں اور ان کا سامنا کرنا ایک چیلنج ہوتا ہے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوشل مینڈس نے کہا کہ سری لنکا کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ انہیں بطور کپتان اپنے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے۔سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ گیری کرسٹن سری لنکن کرکٹ کے ماحول سے واقف ہیں اور ون ڈے و ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں ٹیم کی رہنمائی کر رہے ہیں۔راولپنڈی کی پچ کے حوالے سے کوشل مینڈس نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور ابتدائی منصوبے کے مطابق ٹیم تین فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کا بولنگ اسکواڈ مضبوط اور تجربہ کار ہے، تاہم پاکستانی فاسٹ بولرز کی صلاحیتوں کے باعث ان کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوتا۔بابر اعظم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کوشل مینڈس نے انہیں بہترین کھلاڑی قرار دیا اور بتایا کہ وہ ان کے ساتھ پاکستان سپر لیگ میں کھیل چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر بابر اعظم مایوس ہو سکتے ہیں، کیونکہ وہ ہر فارمیٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔