ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ 24 سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر ٹیلی ویژن پر میزبانی کے فرائض انجام دیں گی۔ انہیں مقبول معلوماتی مقابلے ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے نئے سیزن کی میزبانی سونپ دی گئی ہے۔59 سالہ اداکارہ نے کہا کہ وہ ایسے پروگرام کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہیں جو علم اور عزم کے ذریعے لوگوں کو آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام صرف سوال و جواب کا مقابلہ نہیں بلکہ جستجو، امید، خواہشات اور خواب پورے کرنے کے حوصلے کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ ایک مراٹھی ہونے کے ناتے وہ پروگرام میں شریک امیدواروں سے ملاقات، ان کی متاثر کن زندگی کی کہانیاں سننے اور ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دھارتے دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں۔شو کا نیا سیزن ’’اب کھیل بدل جائے گا‘‘ کے عنوان کے ساتھ پیش کیا جائے گا، جسے پروگرام کے مقبول انداز میں ایک نئی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔مادھوری اس سے قبل 2002 میں سونی تفریحی ٹیلی ویژن کے پروگرام ’’کہیں نہ کہیں کوئی ہے‘‘ کی میزبانی کرچکی ہیں۔ بعدازاں وہ رقص کے مختلف مقابلوں میں منصف کی حیثیت سے بھی ٹیلی ویژن پر نمایاں رہیں اور ’’جھلک دکھلا جا‘‘ اور ’’ڈانس دیوانے‘‘ جیسے پروگراموں کا حصہ بنیں۔یہ پروگرام عالمی سطح کے معروف معلوماتی مقابلے کے فارمیٹ پر مبنی ہے، جسے بھارت میں امیتابھ بچن کی میزبانی میں غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی۔ امیتابھ بچن نے 2000 میں آغاز کے بعد تقریباً ہر سیزن کی میزبانی کی، تاہم تیسرے سیزن میں شاہ رخ خان نے ان کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔مادھوری ڈکشٹ اس پروگرام کی میزبانی کرنے والی بھارت کی دوسری خاتون ہوں گی۔ ان سے قبل تامل زبان کے ورژن کی میزبانی رادھیکا سرتھ کمار کرچکی ہیں۔