ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی وڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی شادی کے موقع پر بالی وڈ کے سپر اسٹارز شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی شناخت نہیں کر سکے تھے۔59 سالہ ڈاکٹر شری رام نینے پیشے کے اعتبار سے ماہرِ امراضِ قلب ہیں، جنہوں نے 1999ء میں مادھوری ڈکشٹ سے شادی کی تھی۔ حال ہی میں فلم ساز فرح خان نے مادھوری کے گھر کا دورہ کیا، جہاں ہونے والی گفتگو میں کئی دلچسپ باتیں سامنے آئیں۔دورانِ گفتگو فرح خان نے مادھوری سے پوچھا کہ کیا یہ درست ہے کہ شادی کے وقت ان کے شوہر کو یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ کون ہیں؟اس پر مادھوری ڈکشٹ نے بتایا کہ ان کے شوہر کو صرف اتنا بتایا گیا تھا کہ وہ ایک معروف اداکارہ ہیں اور فلموں میں کام کرتی ہیں، تاہم انہیں مادھوری کی شہرت اور مقبولیت کا مکمل اندازہ نہیں تھا۔فرح خان نے مزید حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شری رام نینے اپنی شادی میں شریک ہونے والے شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی نہیں پہچان سکے تھے۔ڈاکٹر نینے نے اس حوالے سے بتایا کہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ ان کی شادی میں فلمی دنیا کی اتنی بڑی شخصیات شرکت کریں گی۔ شادی کی تقریب کے دوران وہ مہمانوں کا استقبال کرتے رہے، لیکن بعد میں جب انہوں نے تصاویر دیکھیں تو انہیں بیشتر افراد کی شناخت کا علم نہیں تھا۔ان کے مطابق وہ صرف امیتابھ بچن کو پہچانتے تھے، کیونکہ انہوں نے ان کی فلم ’امر اکبر انتھونی‘ دیکھی ہوئی تھی۔واضح رہے کہ مادھوری ڈکشٹ اور ڈاکٹر شری رام نینے نے 1999ء میں شادی کے بعد امریکا میں اپنی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ اس جوڑے کے دو بیٹے آرین اور ریان ہیں۔
مادھوری ڈکشٹ کے شوہر شادی میں شاہ رخ اور سلمان خان کو بھی نہ پہچان سکے
واپس خبروں پر
Category:
تفریح