کراچی( ویب ڈیسک) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی اور وفاقی وزیرِ آئی ٹی شیزہ فاطمہ کی موجودگی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل مستقبل جدید ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں سے وابستہ ہے۔ این ای ڈی یونیورسٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کا اشتراک ملک میں سیمی کنڈکٹر کے شعبے کی ترقی کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعات اور ٹیکنالوجی کی صنعت کے درمیان مؤثر روابط نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ سیمی کنڈکٹر تعلیم و تحقیق کا مرکز نوجوانوں کو جدید تربیت اور تحقیقی مواقع فراہم کرے گا۔سید محمد نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو محض ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا نہیں بلکہ اسے تخلیق اور جدت دینے والا بنانا ہے۔ حکومت ایسا ڈیجیٹل پاکستان تشکیل دینا چاہتی ہے جہاں ٹیکنالوجی اور رابطے کی کمی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ہدف ہے کہ 2030 تک پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 25 ارب ڈالر تک پہنچائی جائیں۔
سیمی کنڈکٹر شعبے میں اہم پیش رفت، این ای ڈی اور سافٹ ویئر بورڈ کا معاہدہ
واپس خبروں پر
Category:
ٹیکنالوجی