جالیسکو( شوبز ڈیسک)میکسیکو کی ریاست جالیسکو کی 28 سالہ ماریہ ورگاس نے قومی حسن کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے مس یونیورس میکسیکو 2026ء کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ وہ آئندہ عالمی مس یونیورس مقابلے میں میکسیکو کی نمائندگی کریں گی۔لاس کابوس، باجا کیلیفورنیا سور میں منعقدہ قومی مقابلے میں ماریہ ورگاس نے 32 امیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ماریہ ورگاس نے بین الاقوامی کاروبار میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے جبکہ وہ مصنفہ بھی ہیں۔ انہوں نے فاطمہ بوش کی جگہ مس یونیورس میکسیکو کا تاج حاصل کیا ہے۔مقابلے کے آخری مرحلے میں ماریہ ورگاس کا سامنا مزید 4 فائنلسٹس سے ہوا۔ ماریانا ماسیاس پہلی جبکہ فرنانڈا ابراوا دوسری رنر اپ قرار پائیں۔نتائج کے اعلان سے قبل ججز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ماریہ ورگاس نے کہا کہ اگر وہ تاج جیتنے میں کامیاب ہوئیں تو اسے فاطمہ بوش کی میراث کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کریں گی۔انہوں نے کہا کہ اس میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے وہ نہ صرف دوسروں کے حق میں آواز بلند کریں گی بلکہ لوگوں کی بات غور سے سننے کو بھی ترجیح دیں گی۔ماریہ ورگاس کے مطابق اپنی آواز بلند کرنا صرف دوسروں کی مدد تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے ان مواقع کے دروازے بھی کھلتے ہیں جو پہلے بند تھے۔فاطمہ بوش نے 21 نومبر 2025ء کو تھائی لینڈ کے پاک کریٹ میں قائم امپیکٹ چیلنجر ہال میں منعقد ہونے والے 74ویں مس یونیورس مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ماریہ ورگاس اب 24 نومبر کو سان خوان، پورٹو ریکو میں منعقد ہونے والے مس یونیورس مقابلے میں میکسیکو کی نمائندگی کریں گی۔