کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی سالگرہ کے موقع پر شیئر کی گئی تصاویر کے بعد ان کے اور امیر گیلانی کے پہلے بچے کی پیدائش سے متعلق سوشل میڈیا پر نئی قیاس آرائیاں سامنے آگئی ہیں۔ماورا حسین نے اپنی سالگرہ کی مناسبت سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر متعدد تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔ ان میں ایک تصویر نے خاص طور پر صارفین کی توجہ حاصل کی، جس میں سالگرہ کے کیک پر ’’سب سے پیاری ماما‘‘ کے الفاظ درج تھے۔اداکارہ نے بعدازاں یہ تصویر اپنے اکاؤنٹ سے ہٹا دی، جس کے بعد ان کے مداحوں میں بچے کی پیدائش سے متعلق چہ مگوئیاں مزید بڑھ گئیں۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ ماورا حسین اور امیر گیلانی والدین بن چکے ہیں، تاہم دونوں کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔