کراچی ( شو بز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے فنکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھیں اور روزمرہ زندگی کے ہر پہلو کو مداحوں کے ساتھ شیئر کرنے سے گریز کریں۔حال ہی میں مہوش حیات نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے فنی سفر اور سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔موجودہ دور میں متعدد فنکار سوشل میڈیا پر سرگرم رہتے ہیں اور اپنی نجی زندگی کے مختلف پہلو مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں، تاہم مہوش حیات نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو بڑی حد تک سوشل میڈیا سے دور رکھنے کو ترجیح دی ہے۔اداکارہ نے نوجوان فنکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پوسٹس کرنے کا کبھی شوق نہیں رہا اور وہ اپنی نجی زندگی کو نجی ہی رکھنا پسند کرتی ہیں۔ ان کے مطابق، دوسرے فنکار بھی اس طرزِ عمل سے سیکھ سکتے ہیں۔مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ایک فنکار کی شخصیت میں وقار اور تجسس کا عنصر برقرار رہنا چاہیے۔ اسی لیے انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر اپنی زندگی کے ہر پہلو کو ضرورت سے زیادہ شیئر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے کچھ معاملات کو اپنے تک محدود رکھنا چاہیے اور روزمرہ پیش آنے والی ہر بات سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی ضرورت نہیں۔