لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کو اپنے کیریئر کا سب سے مشکل حریف قرار دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی ہے۔وسڈن کو دیے گئے انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ موجودہ دور میں ویرات کوہلی کا کوئی مقابل نہیں، ان کی مستقل مزاجی، دباؤ میں بہترین کارکردگی اور میچ جتوانے کی صلاحیت انہیں دیگر بیٹرز سے منفرد بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کئی مرتبہ اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ موجودہ نسل میں ویرات کوہلی وہ بیٹر ہیں جن کے خلاف گیند بازی کرنا سب سے زیادہ مشکل ثابت ہوئی۔محمد عامر کا کہنا تھا کہ کوہلی بڑے مقابلوں میں ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں، اسی وجہ سے انہیں جدید کرکٹ کے عظیم ترین بیٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔انہوں نے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور آل راؤنڈر شین واٹسن کو بھی سخت حریف قرار دیا، تاہم ان کے مطابق موجودہ کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی سب سے نمایاں ہیں۔واضح رہے کہ محمد عامر اور ویرات کوہلی کے درمیان کئی یادگار مقابلے ہو چکے ہیں۔ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں عامر نے کوہلی کو جلد آؤٹ کیا تھا، جبکہ کوہلی نے بھی پاکستان کے خلاف کئی اہم اننگز کھیل کر بھارت کو کامیابیاں دلائی ہیں۔