لاہور (سپورٹس ڈیسک) نیشنل سائبر کرائمز انویسٹیگیشن ایجنسی میں انکوائری کے معاملے پر قومی کرکٹر محمد رضوان کو جاری کیا گیا سوالنامہ منظرِ عام پر آگیا۔این سی سی آئی اے کے وکیل اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے سوالنامہ لاہور ہائی کورٹ میں پیش کیا۔ پانچ صفحات پر مشتمل سوالنامے میں محمد رضوان سے گزشتہ 10 برس کے دوران استعمال کیے گئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔سوالنامے میں گزشتہ 5 سال کے دوران تنخواہ کے ذرائع اور کرائے سے حاصل ہونے والی آمدن کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں، جبکہ بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم پر حاصل ہونے والے منافع کی معلومات بھی طلب کی گئی ہیں۔اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے محمد رضوان کی جانب سے این سی سی آئی اے کے نوٹسز کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی تھی۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے محمد رضوان کی درخواست پر سماعت کی، جس میں کرکٹر کی جانب سے وکیل قاضی عمیر علی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو نوٹسز بھجوائے گئے ہیں۔