کراچی( سپورٹس ڈیسک) ندیم عمر ایک بار پھر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے، جس کے ساتھ انہوں نے مسلسل تیسری مرتبہ صدارتی انتخاب جیت کر ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے انتخابات میں ندیم عمر پینل نے شاندار کامیابی حاصل کی، جہاں صدارتی امیدوار ندیم عمر نے 15 ووٹ حاصل کرکے آئندہ تین سال کے لیے صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔اسی طرح سیکریٹری کے امیدوار علی حسین بھی 15 ووٹ لے کر تین سال کے لیے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے سیکریٹری منتخب ہو گئے۔انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد ندیم عمر اور علی حسین نے تمام ووٹرز، کلب نمائندوں اور پینل کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کرکٹ کی ترقی، شفافیت، میرٹ کے فروغ، نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی اور گراس روٹ سطح پر کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر کراچی کی کرکٹ کو مزید منظم، مضبوط اور فعال بنایا جائے گا۔ندیم عمر کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف ان کی ذات کی نہیں بلکہ کراچی کرکٹ سے وابستہ تمام کلبوں اور شائقین کے اعتماد کا اظہار ہے۔