برازیل( سپورٹس ڈیسک)برازیل کے معروف فٹبالر نیمار نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ٹیم کے جلد اخراج کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔میڈیا سے جذباتی گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ ان کا سفر اب اختتام کو پہنچ چکا ہے اور وہ آئندہ برازیل کی نمائندگی نہیں کریں گے۔34 سالہ کھلاڑی نے کہا کہ انہوں نے اپنے ملک کے لیے ہمیشہ بھرپور جذبے کے ساتھ کھیل پیش کیا، کئی یادگار لمحات تخلیق کیے اور تاریخ کا حصہ بنے، لیکن اب قومی ٹیم کے باب کو بند کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ورلڈ کپ میں برازیل کو پری کوارٹر فائنل مرحلے میں ناروے کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں نیمار کا ٹورنامنٹ میں کیا گیا واحد گول بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔تقریباً تین سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے نیمار کو ورلڈ کپ میں صرف دو میچز کھیلنے کا موقع ملا، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 37 منٹ میدان میں گزارے۔نیمار اس وقت اپنے کلب سانتوس سے وابستہ ہیں اور ان کا معاہدہ رواں سال کے اختتام تک برقرار ہے۔دوسری جانب نیمار نے حال ہی میں سانتوس کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپسی کے پہلے ہی میچ میں دو گول اسکور کیے اور ناقدین کو اپنی کارکردگی سے جواب دیا۔