سمرقند( سپورٹس ڈیسک) ازبکستان میں جاری عالمی شطرنج کے مقابلے اولمپیاڈ سمرقند 2026 میں پاکستان نے اسرائیلی ٹیم کے خلاف مقررہ میچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان اور اسرائیل کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ آج ہونا تھا، تاہم پاکستان نے اپنی حکومتی پالیسی کے مطابق اسرائیلی کھلاڑیوں کے ساتھ میچ کھیلنے سے گریز کیا۔صدر شطرنج فیڈریشن پاکستان ذیشان علی نقوی کے مطابق اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی واضح ہے، اس لیے حکومتی مؤقف کے برخلاف اسرائیلی ٹیم کے ساتھ مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف میچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے۔ازبکستان میں ہونے والے اس عالمی شطرنج ایونٹ میں دنیا کے 203 ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں۔