لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے بھارت میں آئندہ سال ہونے والے اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کی ویٹرنز کرکٹ ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کے لیے حکومت کی جانب سے اجازت نہیں مل سکی۔اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 23 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں شیڈول ہے۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں منعقدہ اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا، جس کے باعث اسے دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے آئندہ ایونٹ میں شرکت کرنا تھی۔چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان کے مطابق بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں کے اجرا اور اعلیٰ سطح کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے وزارتِ خارجہ اور وزارتِ داخلہ سے اجازت طلب کی تھی، تاہم چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انہیں آگاہ کیا کہ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔فواد اعجاز خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن حکومت کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور اجازت نہ ملنے کے باعث ٹیم نے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے منتظمین اور ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔