لاہور ( سپورٹس ڈیسک) چین کے خلاف آج ہونے والے میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم اہم فارورڈ رانا وحید اشرف کی خدمات سے محروم ہوگئی۔ٹورنامنٹ انتظامیہ اور ایشین ہاکی فیڈریشن نے رانا وحید اشرف کو ایک میچ کے لیے معطل کردیا ہے، جس کے باعث وہ چین کے خلاف میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ذرائع کے مطابق ازبکستان کے خلاف میچ میں رانا وحید اشرف کی ہاکی اسٹک لگنے سے مخالف کھلاڑی کے سر پر چوٹ آئی تھی، جس پر انہیں ایک میچ کی معطلی کی سزا سنائی گئی۔رانا وحید اشرف پاکستان کی فارورڈ لائن کے اہم کھلاڑی ہیں اور ان کی عدم موجودگی کو چین کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان نے ایشین گیمز میں اب تک 2 میچز کھیلے ہیں، جن میں تھائی لینڈ کو 9-0 اور ازبکستان کو 5-1 سے شکست دی ہے۔