کراچی( سپورٹس ڈیسک)ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔تفصیلات کے مطابق کپتان شان مسعود کمر کی انجری کے باعث سیریز اور انگلینڈ کے دورے سے باہر ہو گئے ہیں، جس کے بعد عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کے تربیتی سیشن میں بھی حصہ لیا، جبکہ اویس ظفر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ تاہم اہم میچ میں تجربہ کار بیٹرز کو ترجیح دیے جانے کا امکان ہے۔ٹیم مینجمنٹ بیٹنگ لائن اپ میں تبدیلیوں پر غور کر رہی ہے۔ امکان ہے کہ عبداللہ شفیق تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں جبکہ بابر اعظم اپنی روایتی چوتھی پوزیشن پر برقرار رہیں۔سات ماہر بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا آپشن بھی زیر غور ہے، جس کے نتیجے میں سعود شکیل کی پلیئنگ الیون میں واپسی ممکن ہو سکتی ہے۔بولنگ شعبے میں بھی تبدیلی کا امکان ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی رفتار ویسٹ انڈیز کے مقابلے میں کم رہی تھی، جس کے باعث نوجوان تیز گیند باز عبید شاہ کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔اگر دوسرے ٹیسٹ کی پچ بھی فاسٹ بولرز کے لیے سازگار ثابت ہوئی تو پاکستان ایک اسپنر کم کرکے اضافی بیٹر یا مزید ایک فاسٹ بولر کو ٹیم میں شامل کرنے پر غور کر سکتا ہے۔