لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز مکمل کرنے کے بعد انگلینڈ روانہ ہوگیا، جہاں قومی ٹیم میزبان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے شروع ہوگا، جبکہ اس سے قبل پاکستان ٹیم سلیکٹ الیون کے خلاف 4 روزہ وارم اپ میچ میں حصہ لے گی۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ پہلے 2 ٹیسٹ میچز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرچکا ہے، جس کی قیادت تجربہ کار بیٹر جو روٹ کریں گے۔ اسکواڈ میں جوفرا آرچر، گس ایٹکنسن، شعیب بشیر، ہیری بروک، برائیڈن کارس، سیم کک، جارڈن کوکس، بین ڈکٹ، میتھیو فشر، ایمیلیو گے، اولی رابنسن، ڈین لارنس، اولی پوپ، جیمی اسمتھ اور جوش ٹونگ شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر 2 میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی تھی۔