اسلام آباد( کامرس ڈیسک) حکومت پاکستان نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے تقریباً 9 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی نئی بلٹ پروف ٹویوٹا لینڈ کروزر خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔حکام کے مطابق یہ گاڑی چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سیکریٹریٹ کے استعمال کے لیے حاصل کی جائے گی، تاکہ پاکستان آنے والے چینی وفود اور ماہرین کو محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چینی شہریوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت بلٹ پروف گاڑی خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق نئی لینڈ کروزر پہلے سے موجود بلٹ پروف گاڑیوں اور کم از کم دو ہیلی کاپٹرز کے علاوہ ہوگی، جنہیں مختلف سرکاری ادارے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے استعمال کر رہے ہیں یا حاصل کرنے کے عمل میں ہیں۔سی پیک سیکریٹریٹ کا مؤقف ہے کہ کابینہ ڈویژن کے محدود گاڑیوں کے بیڑے کے باعث ضرورت کے وقت بلٹ پروف گاڑیاں دستیاب نہیں ہو پاتیں، جس کے نتیجے میں اہم سرکاری ملاقاتوں، غیر ملکی وفود کے دوروں اور اجلاسوں میں تاخیر یا بعض اوقات منسوخی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ نجی مارکیٹ سے بلٹ پروف گاڑیاں کرائے پر حاصل کرنا نہ صرف غیر یقینی بلکہ انتہائی مہنگا بھی ثابت ہوتا ہے، جس سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ پڑتا ہے۔حکومت نے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے رول 42(c)(vii) کے تحت براہِ راست معاہدے کے ذریعے گاڑی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چینی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے 9 کروڑ 50 لاکھ روپے کی بلٹ پروف گاڑی خریدنے کا فیصلہ
واپس خبروں پر
Category:
کامرس