لاہور ( سپورٹس ڈیسک) ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔نشین میں تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 145 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثنا 45، گل فیروزہ 31 اور عالیہ ریاض 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔بنگلادیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور ریتو مونی نے 2،2 جبکہ سنجیدہ اختر نے ایک وکٹ حاصل کی۔146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 7 وکٹوں پر 114 رنز تک محدود رہی۔ شرمین اختر 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ نگار سلطانہ نے 25 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے ام ہانی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاطمہ ثنا، نشرہ سندھو، عائشہ ظفر اور تسمیہ رباب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان ویمنز ٹیم کے اس کانسی کے تمغے کے ساتھ ایشین گیمز میں پاکستان کے برانز میڈلز کی تعداد 2 ہوگئی۔ پاکستان کا پہلا کانسی کا تمغہ گزشتہ روز عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں حاصل کیا تھا۔