لاہور ( سپورٹس ڈیسک)ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے اختتام کے بعد دنیا بھر کے ہاکی شائقین کی ووٹنگ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑی عبدالرحمٰن نے پولی گراس میجک اسکل ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔عبدالرحمٰن نے ویلز کے خلاف میچ میں شاندار تھری ڈی اسکلز کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو ہوا میں قابو کیا اور حریف ٹیم کے 4 دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دے کر خوبصورت گول اسکور کیا۔ان کے اس شاندار گول کو عالمی سطح پر ہاکی شائقین نے بھرپور پذیرائی دی، جس کے نتیجے میں عبدالرحمٰن نے 44 فیصد ووٹ حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کینٹن میلویل 39 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ایف آئی ایچ کے عالمی سپلائر پولی ٹین کی جانب سے دیے جانے والے ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 6 بہترین لمحات، جن میں 3 مردوں اور 3 خواتین کے مقابلے شامل تھے، شارٹ لسٹ کیے گئے تھے۔ عالمی سطح پر ووٹنگ 4 سے 13 ستمبر تک جاری رہی۔خواتین کے مقابلے میں بھارتی گول کیپر بیچو دیوی کاریبام نے 52 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے عبدالرحمٰن کو عالمی اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی کامیابی ملک کے نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔