برازیل( سپورٹس ڈیسک)15 فٹبال مقابلے کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ایک بڑے نیلے رنگ کے طوطے نے اچانک میدان میں آ کر کھلاڑیوں کو پریشان کر دیا، جس کے باعث میچ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔فلیمینگو اور سیارا کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے 17ویں منٹ میں طوطا اڑتا ہوا گراؤنڈ میں داخل ہوا اور فلیمینگو کے ایک دفاعی کھلاڑی کے اوپر جا بیٹھا، جس سے کھلاڑی اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور زمین پر گر گیا۔طوطے کی غیر متوقع آمد پر میدان میں موجود کھلاڑی بھی حیران رہ گئے، جس کے بعد ریفری نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے کھیل روک دیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ طوطا تقریباً 15 منٹ تک میدان میں موجود رہا اور پھر خود ہی اڑ کر چلا گیا، جس کے بعد میچ دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ تاہم پہلے ہاف کے دوران وہ دوبارہ گراؤنڈ میں واپس آ گیا اور کھیل کو ایک بار پھر روکنا پڑا۔بعد ازاں مقابلہ بغیر کسی مزید رکاوٹ کے مکمل ہوا، جس میں سیارا کی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے فلیمینگو کو 2-1 سے شکست دے دی۔یہ منفرد واقعہ سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہوگیا، جہاں صارفین نے دلچسپ انداز میں طوطے کو میچ کا سب سے یادگار کھلاڑی قرار دیا۔