اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان میں گوگل کے مقامی شراکت دار ٹیک ویلی پاکستان کے درمیان ہاکی کے انتظامی اور تربیتی نظام کو جدید بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔تقریب میں پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی اور ٹیک ویلی پاکستان کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر فاروق نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ گوگل کے عالمی نمائندے بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت ٹیک ویلی کو 3 سال کے لیے پی ایچ ایف کا باضابطہ ڈیجیٹل تبدیلی شراکت دار مقرر کیا گیا ہے۔ اس تعاون کے ذریعے پی ایچ ایف، علاقائی ہاکی ایسوسی ایشنز اور سلیکشن کمیٹیوں کے درمیان ڈیجیٹل رابطے اور ریکارڈ کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔منصوبے کے تحت ماضی کے میچز، کھلاڑیوں کے ریکارڈ اور انتظامی دستاویزات کو مرکزی ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کے ساتھ کھلاڑیوں کی کارکردگی، طبی تاریخ اور فٹنس کا ریکارڈ رکھنے کے لیے ڈیجیٹل کھلاڑی کارکردگی و صلاحیتوں کا معلوماتی نظام بھی قائم کیا جائے گا۔معاہدے میں کوچنگ عملے کے لیے میچز کی ویڈیو کے تجزیے، کھلاڑیوں کی صلاحیت جانچنے اور حریف ٹیموں کے خلاف حکمت عملی بنانے میں مصنوعی ذہانت اور جدید تجزیاتی ذرائع کے استعمال کا منصوبہ بھی شامل ہے۔پی ایچ ایف کے منتظمین، کوچز اور کھیلوں کے منتظمین کے لیے تربیتی اور سندی پروگرام جبکہ علاقائی ہاکی اکیڈمیوں کو کھلاڑیوں کی رجسٹریشن اور میچ رپورٹس کے لیے ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال کی تربیت بھی دی جائے گی۔ٹیک ویلی تکنیکی مشاورت، اعداد و شمار کی منتقلی اور منصوبے کی نگرانی کے لیے منصوبہ جاتی ذمہ داران فراہم کرے گی۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے فوری نتائج، پرانے میچز کے محفوظ ریکارڈ اور براہِ راست نشریات کی سہولت بھی منصوبے کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ مفاہمت کی یادداشت کے تحت کوئی براہِ راست مالی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی، جبکہ اخراجات، اجازت ناموں اور سافٹ ویئر کی خریداری سے متعلق معاملات کے لیے بعد میں الگ معاہدے کیے جائیں گے۔