لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ہے، جس کے بعد فائنل 25 اکتوبر کے بجائے 27 اکتوبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔جنگ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال شیڈول میں تبدیلی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ ابتدائی طور پر فائنل 25 سے 29 اکتوبر تک اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جانا تھا، تاہم بعد ازاں اسے کراچی سے لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ایل سی سی اے گراؤنڈ کو میزبان وینیو قرار دیا گیا۔ذرائع کے مطابق اب فائنل ایل سی سی اے گراؤنڈ کے بجائے لاہور جمخانہ گراؤنڈ، باغِ جناح میں کرائے جانے کا امکان ہے۔ شیڈول میں تبدیلی کے بعد مقابلہ 27 سے 31 اکتوبر تک کھیلا جا سکتا ہے۔پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل کے لیے اسٹیٹ بینک اور ایم آئی ٹی سلوشنز کی ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی ٹیم اسلام آباد سے کراچی پہنچ چکی ہے، تاہم فائنل لاہور منتقل ہونے کے فیصلے کے بعد اسے اب کراچی سے لاہور آنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو فائنل لاہور منتقل کیے جانے سے آگاہ کر دیا ہے۔
پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل کا شیڈول تبدیل، میچز لاہور میں ہونے کا امکان
واپس خبروں پر
Category:
کھیل