اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات کے فروغ، پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور مقامی صنعتوں سمیت چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو عالمی تجارتی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی۔وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں ٹی ڈی اے پی کی کارکردگی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی تنظیمِ نو اور جدید تقاضوں کے مطابق بہتری لانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے مقامی صنعتوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا انتہائی اہم ہے، جدید خطوط پر استوار تجارتی ادارہ اس مقصد کے حصول میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم نے زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے مکمل نظام اور اس سے منسلک تمام مراحل پر مشتمل مربوط ڈھانچہ تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی میں شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر تربیت یافتہ افرادی قوت بھرتی کی جائے، جبکہ اداروں میں اصلاحات اسی وقت کامیاب ہوسکتی ہیں جب ملازمین کی ترقی کو کارکردگی اور مقررہ اہداف کے حصول سے منسلک کیا جائے۔وزیراعظم نے ادارے کی کارکردگی اور مالیاتی معاملات کے آڈٹ کے لیے اچھی شہرت رکھنے والی نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں برآمدات کے فروغ کی وسیع صلاحیت موجود ہے اور ملک کا جغرافیائی محل وقوع بھی اس حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ حکومت صنعتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ ملکی برآمدی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔اجلاس کو ٹی ڈی اے پی کی موجودہ کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور ادارے کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر عالمی سطح پر کامیاب تجارتی فروغ کے اداروں کے تجربات کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید تجارتی ادارے مقامی صنعتوں کی ترقی، عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمد کنندگان کی صلاحیتوں میں اضافے اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مربوط خدمات فراہم کرتے ہیں۔ٹی ڈی اے پی کو عالمی معیار کے جدید ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے پیش کردہ اصلاحاتی منصوبے میں اس کے دائرۂ کار کو 8 بنیادی شعبوں تک محدود کرنا، انتظامی بورڈ اور ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل، علاقائی دفاتر کے نظام کو مؤثر بنانا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کا استعمال شامل ہے۔اس کے علاوہ ادارے کی کارکردگی جانچنے کے لیے قابلِ پیمائش اہداف اور آزادانہ بیرونی جائزے کا نظام متعارف کرانے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔اجلاس میں اصلاحات کے نفاذ کے لیے منظوری، منصوبہ بندی، عمل درآمد اور آزادانہ جانچ پر مشتمل 12 ماہ کا مرحلہ وار منصوبہ پیش کیا گیا، جس پر وزیراعظم نے آئندہ سال کے وسط تک عمل درآمد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم کا برآمدات میں اضافے کیلئے تجارتی ادارے کی تشکیلِ نو کا فیصلہ
واپس خبروں پر
Category:
کامرس