کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان اور اینکر رابعہ انعم نے ملک میں بچوں سے متعلق موجودہ حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے والدین کو زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت صرف انہیں اچھے لباس پہنانے یا اسکول بھیجنے تک محدود نہیں، بلکہ موجودہ حالات میں والدین کو ان کے تحفظ کیلئے غیر معمولی طور پر چوکس رہنا ہوگا۔رابعہ انعم نے والدین پر زور دیا کہ کم عمر بچوں کو کسی بھی شخص کے ساتھ تنہا نہ چھوڑیں، خواہ وہ کتنا ہی قابلِ اعتماد یا پرانا جاننے والا کیوں نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کو لاحق خطرات صرف بچیوں تک محدود نہیں بلکہ لڑکے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔انہوں نے والدین، خصوصاً ملازمت پیشہ افراد، کو ہدایت کی کہ بچوں کے معاملے میں کسی پر غیرضروری اعتماد نہ کریں اور گھروں میں نگرانی کیلئے حفاظتی کیمرے نصب کریں۔