لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستان کے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں مذہبی اسکالر ڈاکٹر علی وقار قادری کی دعاؤں سے متعلق گفتگو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئی، جہاں بعض صارفین نے ان کے الفاظ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام ’’قطب آن لائن‘‘ میں میزبان بلال قطب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر علی وقار قادری نے مسلمانوں کے صرف دعاؤں پر انحصار کرنے اور عملی اقدامات سے گریز کے رویے پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ مسلمان اللہ سے غزہ کی فتح، اسرائیل کی تباہی اور پاکستان سے بدعنوانی کے خاتمے کی دعائیں کرتے ہیں، لیکن جب خود کسی مشکل کا سامنا ہو تو امریکا کی طرف دیکھنے لگتے ہیں۔گفتگو کے دوران مذہبی اسکالر نے کہا کہ ’’اللہ ہماری ان دعاؤں پر ہنستا ہوگا‘‘۔ تاہم انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل، کتاب، زندگی گزارنے کے اصول اور درست راستہ عطا کیا ہے، اس لیے دعا کے ساتھ عملی کوشش بھی ضروری ہے۔انہوں نے صحابہ کرامؓ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ عبادت اور دعا کے ساتھ میدانِ عمل میں بھی موجود رہتے تھے اور عملی جدوجہد کرتے تھے۔تاہم ڈاکٹر علی وقار قادری کی جانب سے اللہ تعالیٰ کے لیے ’’ہنسنے‘‘ کے الفاظ استعمال کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔بعض صارفین نے پروگرام میں موجود دیگر افراد کے ردعمل پر بھی اعتراض کیا اور گفتگو کے دوران ہنسنے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے مذہبی حساسیت کا خیال رکھنے پر زور دیا۔