واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)11 ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی 25ویں برسی کے موقع پر نیو یارک میں خصوصی ڈرون لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا، جس کے دوران نیو یارک ہاربر کا آسمان 2,977 ڈرونز کی روشنیوں سے روشن ہوگیا۔ڈرونز کی تعداد 2,977 رکھنے کی وجہ یہ تھی کہ 11 ستمبر 2001ء کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے دہشت گرد حملوں میں اتنے ہی افراد ہلاک ہوئے تھے۔’2,977 لائٹس اوور نیو یارک ہاربر‘ کے نام سے منعقد کیے گئے اس شو کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رات کے وقت نیو یارک ہاربر پر ہزاروں روشن ڈرونز آسمان کی بلندیوں پر نمودار ہوئے اور بتدریج ایک دوسرے کے قریب آکر ورلڈ ٹریڈ سینٹر کا خاکہ تشکیل دیتے دکھائی دیے۔شو کے ڈائریکٹر اور ایگزیکٹیو پروڈیوسر ایڈیسن مہر کے مطابق اس منفرد خراجِ عقیدت کا مقصد 11 ستمبر کے سانحے میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے ذاتی نقصان اور یاد کو اجاگر کرنا تھا، اسی لیے متاثرین کی تعداد کے برابر 2,977 ڈرونز استعمال کیے گئے۔ڈرون لائٹ شو کی تیاری میں سانحے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ، زندہ بچ جانے والے افراد اور امدادی کارکنوں نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔