ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کاک ٹیل‘ میں کام کرنے کو اپنے کیریئر کی ایک غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدرے رجعت پسند اسکرپٹ کا انتخاب تھا۔فلم کی ریلیز کے 14 سال بعد سیف علی خان نے ہومی ادجانیا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں گوتم کا کردار قبول کرنے کی وجہ بھی بتادی۔ سیف اپنے کیریئر میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کرنے کے لیے مشہور ہیں اور ’کاک ٹیل‘ بھی ان کے کیریئر کے ایک اہم مرحلے کی فلم تھی۔رومانوی کامیڈی فلم میں سیف علی خان نے دپیکا پڈوکون اور ڈیانا پینٹی کے ساتھ کام کیا تھا۔ایک حالیہ انٹرویو میں سیف نے فلم میں اپنی اداکاری کو غلطی قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ اس منصوبے میں شامل ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ وہ خود اس کے پروڈیوسر بھی تھے۔اداکار کے مطابق چونکہ وہ فلم کی مالی پشت پناہی کر رہے تھے، اس لیے ان کی خواہش تھی کہ منصوبہ مکمل ہو اور بالآخر سینما گھروں تک پہنچے۔ سیف نے اعتراف کیا کہ انہیں ابتدا ہی سے معلوم تھا کہ فلم کا سب سے دلچسپ کردار ویرونیکا کا ہے۔