ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی کامیڈین سمے رائنا اور فلم ’’بارہ فیل‘‘ کی اداکارہ میدھا شنکر کے درمیان کئی عرصے سے قربت کی افواہیں زیر گردش ہیں، تاہم اب دونوں کی دسمبر میں شادی کی خبریں بھی سامنے آگئی ہیں۔شادی کی یہ خبر ایک سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پوسٹ کے بعد سامنے آئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ سمے رائنا اور میدھا شنکر رواں سال دسمبر میں شادی کرنے والے ہیں۔ سمے رائنا نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں اس دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر میں ان کا بھارت کا دورہ طے ہے، اس لیے میدھا سے شادی ملتوی کرنا پڑے گی۔ انہوں نے ساتھ ہی لتا منگیشکر کا گیت ’’جھوٹ بولے کوا کاٹے‘‘ بھی شیئر کیا۔سمے رائنا اور میدھا شنکر کو مختلف مواقع پر ایک ساتھ دیکھا جا چکا ہے، جس کے بعد ان کے درمیان تعلقات کی قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوا۔ سمے اپنے پروگرام ’’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘‘ میں میدھا کو اپنی ’’سب سے اچھی دوست‘‘ بھی قرار دے چکے ہیں، تاہم دونوں نے اب تک اپنے تعلق کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔