لاہور ( سپورٹس ڈیسک)سعودی عرب کی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایشیا سب ریجنل کوالیفائر بی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ٹیم نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں مسلسل پانچ میچ جیت کر ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا اور ایشیائی کوالیفائنگ مرحلے کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔سعودی عرب نے 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر پانچ ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ملائیشیا میں سعودی عرب کے سفیر اسامہ بن دخیل الاحمدی نے فاتح ٹیم کو چیمپئن شپ ٹرافی پیش کی۔سعودی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا آغاز سنگاپور کے خلاف کامیابی سے کیا، جس کے بعد میزبان ملائیشیا کو شکست دی۔ سعودی کھلاڑیوں نے ہانگ کانگ اور چین کے خلاف بھی فتوحات حاصل کرکے ٹائٹل پر اپنی گرفت مضبوط کرلی، جبکہ مالدیپ کو ہرا کر ناقابل شکست مہم کا اختتام کیا۔سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود نے اس کامیابی کو سعودی کرکٹ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فتح مملکت میں کرکٹ کے نظام اور اس سے وابستہ سرگرمیوں میں ہونے والی وسیع تر پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام مقابلوں میں یہ سعودی کرکٹ ٹیم کا تیسرا ٹائٹل ہے، جس سے ملک کی کھیلوں کے میدان میں کامیابیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔اب سعودی عرب کی ٹیم کی نظریں 2027ء میں ہونے والے اگلے کوالیفائنگ مرحلے پر مرکوز ہیں، جہاں سے وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028ء میں شرکت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
سعودی عرب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایشیا سب ریجنل کوالیفائر بی کا چیمپئن بن گیا
واپس خبروں پر
Category:
کھیل