ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے فلموں کے انتخاب کے معیار سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔فلم ’گھماسان‘ کے ہدایت کار تگمانشو دھولیا نے بتایا کہ انہوں نے فلم میں پولیس افسر کا مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے سب سے پہلے شاہ رخ خان سے رابطہ کیا تھا، تاہم اداکار نے یہ کردار قبول کرنے سے انکار کردیا۔2012ء کی تنقیدی طور پر کامیاب فلم ’پان سنگھ تومر‘ کی ہدایت کاری سے شہرت حاصل کرنے والے تگمانشو دھولیا نے ایک حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ خان کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا ذکر کیا۔بالی ووڈ ہنگامہ کو انٹرویو دیتے ہوئے تگمانشو دھولیا نے بتایا کہ انہوں نے سب سے پہلے فلم کا اسکرپٹ شاہ رخ خان کو سنایا تھا۔ اسکرپٹ سننے کے بعد اداکار نے کہا کہ وہ اس نوعیت کی حقیقت پسندانہ فلموں میں کام نہیں کرتے۔ہدایت کار کے مطابق وہ شاہ رخ خان کو طویل عرصے سے جانتے ہیں اور دونوں کی شناسائی فلم ’دل سے‘ کے دور سے ہے۔ تگمانشو دھولیا نے شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ میں ان کے والد کا کردار بھی ادا کیا تھا۔ادھر اداکار ارشد وارثی نے بھی شاہ رخ خان کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ سپر اسٹار کو بڑے اور غیر معمولی کرداروں میں دیکھنا زیادہ پسند کریں گے۔فلم ’گھماسان‘ کی پروڈیوسر جیوتی دیشپانڈے ہیں، جبکہ ارشد وارثی اور پرتیک گاندھی بھی فلم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم 11 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔