نئی دہلی( شوبز ڈیسک) بھارت میں این ای ای ٹی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف جاری طلبہ احتجاج کے معاملے پر گلوکار سونو نگم کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔وائرل ویڈیو میں سونو نگم کو صحافیوں کے سوالات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران جب صحافیوں نے طلبہ کے احتجاج سے متعلق ان کا مؤقف جاننے کی کوشش کی تو گلوکار نے اس موضوع پر بات کرنے سے گریز کیا۔صحافیوں کی جانب سے بار بار سوال کیے جانے پر سونو نگم برہم ہو گئے اور مختصر جواب دیتے ہوئے کہا، "ابھی ہو گیا، بس!" جس کے بعد انہوں نے گفتگو ختم کی اور وہاں سے چلے گئے۔سونو نگم کے اس ردعمل کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی۔ کئی صارفین نے ان کے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ معروف شخصیات کو عوامی اہمیت کے معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہیے۔ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ صرف صلاحیت کا ہونا کسی شخص کو اچھا انسان ثابت نہیں کرتا، جبکہ بعض دیگر صارفین نے بھی گلوکار کے رویے پر سوالات اٹھائے۔