ممبئی( شو بز ڈیسک)معروف بھارتی اداکار سنیل شیٹی نے کہا ہے کہ اداکار کے لیے اپنی عمر کے مطابق کرداروں کا انتخاب کرنا دانش مندی ہے، جبکہ عمر بڑھنے کے باوجود خود کو نوجوان ثابت کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوتی۔ایک گفتگو میں ایکشن اسٹار سنیل شیٹی نے بالی ووڈ میں اپنی موجودہ پیشہ ورانہ مصروفیات اور فلموں کے انتخاب پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب وہ نوجوان ہیروز کی طرز کے کردار نبھانے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔سنیل شیٹی کے مطابق وہ ایسے کرداروں کو ترجیح دینا چاہتے ہیں جو ان کی عمر، شخصیت اور موجودہ مقام سے ہم آہنگ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی عمر کے ساتھ مصنوعی طور پر جوان نظر آنے کی کوشش اکثر ناکامی کا سبب بنتی ہے۔اداکار نے کہا کہ فلمی صنعت میں نئی نسل کے بے شمار فنکار موجود ہیں، اس لیے اپنی عمر سے نصف عمر کے اداکاروں کے ساتھ مقابلہ کرنے کی کوشش کا کوئی خاص جواز نہیں۔ان کے نزدیک ایک کامیاب اداکار کو زندگی کے ہر عمرانی مرحلے کو خوش دلی سے قبول کرنا چاہیے اور ایسے منصوبوں کا حصہ بننا چاہیے جہاں اس کی فنی صلاحیتوں کو حقیقی طور پر اہمیت اور پذیرائی حاصل ہو۔