ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی وڈ اداکار سنی دیول نے پاکستان کے حوالے سے اپنے حالیہ بیان میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور ثقافتی رشتے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی نہ کسی شکل میں ایک تعلق ضرور موجود ہے۔سنی دیول ان دنوں اپنی نئی فلم ’بٹوارا (1947)‘ کی تشہیری سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو تقسیم ہند کے دوران پیش آنے والے تاریخی واقعات کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ فلم 14 اگست 2026 کو پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔تشہیری مہم کے دوران ایک صحافی نے سنی دیول سے سوال کیا کہ کیا فلم کی عکس بندی پاکستان میں کی گئی اور وہ پاکستان، وہاں کے ماحول اور عوام کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔اداکار نے جواب دیا کہ فلم کی شوٹنگ پاکستان میں نہیں ہوئی بلکہ تمام مناظر بھارت میں فلمائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کہا کرتے تھے کہ اگر بھارت ان کی ماں ہے تو پاکستان ان کی ماں کی بہن یعنی ماسی ہے، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان کسی نہ کسی صورت رشتہ ضرور قائم ہے۔سنی دیول کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ان کے مؤقف کو متوازن قرار دیتے ہوئے سراہا۔