ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے مشتبہ ملزمان کی تصاویر حاصل کرلی ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ واقعے میں مبینہ طور پر تین افراد ملوث تھے، جو فرار ہونے سے قبل اپنی موٹر سائیکلیں اندھیری ریلوے اسٹیشن کے قریب چھوڑ گئے تھے۔ پولیس نے موٹر سائیکلیں تحویل میں لے کر ان کی جانچ پڑتال اور تفتیش شروع کردی ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو مشتبہ افراد کو اداکار کی رہائش گاہ کے قریب آتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ پولیس ان تصاویر اور دیگر شواہد کی مدد سے واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور تلاش میں مصروف ہے۔واقعے کے بعد مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے بھی ٹائیگر شروف سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔تین مشتبہ افراد گرفتاردوسری جانب، خبر میں بتایا گیا ہے کہ کوٹا پولیس نے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جن کی شناخت پھول سنگھ، ہریتک کمار عرف روشن اور ریحان کے نام سے ہوئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، گرفتار افراد کا تعلق بھارتی ریاستوں ہریانہ اور بہار سے ہے۔فائرنگ کے واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق، واقعے کے چند گھنٹوں بعد لارنس بشنوئی گینگ نے سوشل میڈیا پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم، واقعے میں ملوث افراد اور حملے کے محرکات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔