نیویارک ( شو بز ڈیسک) ہالی ووڈ کے معروف اداکار ڈوین جانسن، جنہیں دنیا بھر میں ’دی راک‘ کے نام سے پہچانا جاتا ہے، اپنی نئی فلم کے لیے حیران کن حلیے میں سامنے آگئے، جس میں انہیں پہچاننا بھی مشکل ہوگیا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 54 سالہ اداکار کو امریکی شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں فلم ’لزرڈ میوزک‘ کی عکس بندی کے دوران دیکھا گیا، جہاں وہ ایک عمر رسیدہ شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں۔فلم کی عکس بندی کے دوران سامنے آنے والی تصاویر میں ڈوین جانسن سفید بالوں، سرمئی داڑھی، چہرے پر بڑھاپے کے نمایاں آثار اور ڈھیلے ڈھالے لباس میں دکھائی دیے۔ اپنے کردار کے تقاضوں کے مطابق اداکار نے وزن بھی کم کیا ہے، جس کے باعث ان کی شخصیت پہلے سے بالکل مختلف دکھائی دے رہی ہے۔فلم میں ڈوین جانسن 70 سال سے زائد عمر کے ایک دلچسپ اور منفرد شخص ’دی چکن مین‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس کی ساتھی ایک 85 سالہ مرغی ہے۔ یہ منفرد کردار فلم کی کہانی کو مزید دلچسپ بناتا ہے۔بینی سفدی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ریچل میک ایڈمز اور ایلیسیا سلورسٹون سمیت کئی معروف اداکار بھی شامل ہیں۔فلم ’لزرڈ میوزک‘ کی نمائش 25 دسمبر 2027 کو متوقع ہے۔ ڈوین جانسن کے اس غیر معمولی روپ نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے، جبکہ فلم میں ان کی اداکاری اور کردار کے حوالے سے بھی شائقین میں تجسس پایا جاتا ہے۔