ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار ٹائیگر شروف اپنی فٹبال سے دیرینہ وابستگی کو عملی میدان میں لانے کے قریب پہنچ گئے ہیں، جہاں انہیں ڈورنڈ کپ کے لیے ممبئی ایف سی کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹائیگر شروف ٹیم کے ساتھ باقاعدگی سے تربیتی سیشنز میں حصہ لے رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے ایک میچ کے لیے ٹیم کے ہمراہ شیلانگ کا سفر کریں گے۔رپورٹس کے مطابق ٹائیگر شروف کا نام باضابطہ طور پر اسکواڈ میں درج کر دیا گیا ہے اور ان کی شرکت کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ تاہم ان کی موجودگی کے باعث سیکیورٹی انتظامات ایک بڑا چیلنج قرار دیے جا رہے ہیں، خاص طور پر ان شہروں میں جہاں مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہو سکتی ہے۔اگر تمام معاملات منصوبے کے مطابق مکمل ہو گئے تو ٹائیگر شروف گروپ مرحلے کے ایک میچ میں ممبئی ایف سی کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیشنل فٹبال میں قدم رکھ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ٹائیگر شروف 2024 میں ممبئی ایف سی کے قیام کے وقت سے کلب کے ساتھ منسلک ہیں اور ممبئی ڈسٹرکٹ لیگ میں بھی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ٹائیگر شروف کو فٹبال کی تکنیکی سمجھ رکھنے والا کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے، جبکہ وہ ون آن ون ڈربلنگ اور سلائیڈ ٹیکلنگ جیسی مہارتوں میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔