سوئٹزرلینڈ ( ویب ڈیسک) ماہرین نے گلیشیئرز کو تیزی سے پگھلنے سے روکنے کے لیے ایک منفرد تجربہ شروع کیا ہے، جس میں مصنوعی پلاسٹک کی چادروں کے بجائے بھیڑ کی اون سے تیار کیے گئے کمبل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ماحولیاتی ادارے اور یونیورسٹی آف لوزان کی نگرانی میں جاری منصوبے کے تحت مغربی سوئٹزرلینڈ کے سان فلورون گلیشیئر پر جون میں اون سے بنے دو خصوصی کمبل بچھائے گئے۔یہ کمبل تقریباً 200 مربع میٹر رقبے پر پھیلائے گئے ہیں۔ ماہرین ان کی کارکردگی کا روایتی مصنوعی جال دار حفاظتی چادروں کے ساتھ موازنہ کر رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ گلیشیئر کو پگھلنے سے روکنے میں کون سا طریقہ زیادہ مؤثر ہے۔منصوبے کے منتظمین کے مطابق ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ ہر دو ہفتے بعد کی جانے والی پیمائش سے معلوم ہوا ہے کہ بھیڑ کی اون سے بنے کمبل گلیشیئر کے پگھلاؤ کو مصنوعی چادروں کی طرح مؤثر انداز میں کم کر رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق اس تجربے کا ایک مقصد سوئٹزرلینڈ میں ضائع ہونے والی بھیڑ کی اون کو بھی مفید بنانا ہے۔ اندازے کے مطابق ملک میں ہر سال پیدا ہونے والی بھیڑ کی اون کا 40 سے 70 فیصد حصہ استعمال ہونے کے بجائے ضائع ہوجاتا ہے۔اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو بھیڑ کی اون کو گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے ماحول دوست اور مفید متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔