واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کے خلاف جاری جنگ اور اپنے مواخذے کی کوششوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں سیاسی انتقام قرار دے دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کا بنیادی مقصد اسے جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جس طرح ماضی میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کوششیں ناکام ہوئی تھیں، اسی طرح ان کے خلاف ہونے والی کوششیں بھی کامیاب نہیں ہوں گی۔امریکی وزیر دفاع نے ڈیموکریٹس اور حکومتی خفیہ حلقوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے اس لیے نفرت کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے ان کے پسندیدہ نظریات اور پالیسیوں کو یکے بعد دیگرے ختم کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس اور ریاستی انتہا پسند ان سے اس لیے ناراض ہیں کہ انہوں نے ان کے نظریات کو کسی معذرت کے بغیر ختم کر دیا ہے۔پیٹ ہیگسیتھ نے مزید کہا کہ تنوع، مساوات اور شمولیت کی پالیسی ایک مارکسی نظریہ ہے، جس کا مقصد معاشرے کو تباہ کرنا ہے، اسی لیے ان کی انتظامیہ نے اس پالیسی کا خاتمہ کر دیا۔