کیلیفورنیا( ویب ڈیسک)واٹس ایپ ایک نئے فیچر کی تیاری کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین تھرڈ پارٹی مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس کو براہِ راست اپنی نجی چیٹس میں شامل کرسکیں گے۔ یہ سہولت محدود تعداد میں اینڈرائیڈ کے آزمائشی صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کی اطلاعات ہیں۔رپورٹ کے مطابق اے آئی ایجنٹ سے گفتگو کے لیے صارفین کو الگ ایپ یا ویب سائٹ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایک مرتبہ ایجنٹ ترتیب دینے کے بعد اسے واٹس ایپ میں عام رابطے کی طرح استعمال کیا جاسکے گا۔ممکنہ طور پر یہ سہولت واٹس ایپ کی ترتیبات میں دستیاب ہوگی، جہاں صارف اے آئی ایجنٹ کا نام اور پروفائل تصویر منتخب کرنے کے علاوہ ایک اے پی آئی بھی تیار کرسکے گا۔ اسے اس پلیٹ فارم پر استعمال کیا جاسکے گا جہاں متعلقہ اے آئی بوٹ موجود ہوگا۔رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ ایک اکاؤنٹ میں شامل کیے جانے والے اے آئی ایجنٹس کی تعداد محدود رکھے گا۔ اس کے ذریعے صارف بیک وقت شیڈولنگ اور صارف معاونت جیسے مختلف کاموں کے لیے الگ الگ بوٹس استعمال کرسکے گا، جبکہ مختلف ایپس کے درمیان بار بار جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔پرائیویسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صارف کے شامل کردہ اے آئی ایجنٹس کو اکاؤنٹ کے دیگر حصوں سے الگ رکھا جائے گا۔ ایجنٹ صرف صارف کے ساتھ اپنی گفتگو تک رسائی حاصل کرسکے گا اور دوسری چیٹس یا اکاؤنٹ کی معلومات نہیں دیکھ سکے گا۔تاہم اے آئی بوٹس کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن دستیاب نہیں ہوگی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صارف اور اے آئی ایجنٹ کے درمیان رابطہ میٹا کی ایک سروس کے ذریعے قائم ہوگا، جو ایجنٹ کو اس کے تیار کنندہ سے منسلک کرے گی۔