دمشق( شوبز ڈیسک) شامی گلوکارہ اصالہ نصری کے تقریباً 60 لاکھ ڈالر مالیت کے زیورات امریکا کے شہر ڈیٹرائٹ کے ایک ہوٹل سے غائب ہوگئے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔یہ واقعہ ڈیٹرائٹ کے فاکس تھیٹر میں ان کے موسیقی کے پروگرام کے تقریباً ایک ہفتے بعد سامنے آیا۔ گلوکارہ کے مطابق وہ اپنے امریکی دورے کے دوران ایک ہوٹل میں مقیم تھیں، جہاں سے ان کے قیمتی زیورات چوری ہوئے۔اصالہ نصری نے بتایا کہ ہوٹل پہنچنے کے بعد انہوں نے پروگرام میں شرکت کے لیے زیورات تبدیل کیے اور اپنے ساتھ دوسرا سامان لے کر روانہ ہوگئیں۔ وہ عموماً اپنے زیورات خود ساتھ رکھتی ہیں تاکہ ان کی حفاظت یقینی بنا سکیں۔گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ان زیورات کی مالی قیمت کے علاوہ ان سے ان کی گہری جذباتی وابستگی بھی تھی۔ ان میں بعض زیورات خاندانی ورثہ تھے، جبکہ کچھ انہیں بچوں، شوہر اور قریبی دوستوں نے تحفے میں دیے تھے۔انہوں نے بتایا کہ امریکی دورے کا آخری پروگرام مکمل کرنے کے بعد وہ شدید تھکن کے باعث ہوٹل پہنچتے ہی سو گئیں۔ اگلی صبح بیگ کھولنے پر زیورات کا ڈبہ غائب پایا، جس پر انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔اصالہ کے مطابق پولیس نے مختلف مقامات کی تلاشی لینے کے ساتھ ہوٹل کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی، تاہم ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود زیورات کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔گلوکارہ نے بتایا کہ انہوں نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر عام نہیں کی کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ اس خبر سے ان کے دورے پر کوئی منفی اثر پڑے۔ انہیں امید تھی کہ پولیس جلد زیورات برآمد کر لے گی۔دوسری جانب ڈیٹرائٹ کے جرائم سے متعلق ریکارڈ کے مطابق شہر میں چوری کے واقعات کی شرح حالیہ عرصے میں بڑھی ہے اور یہ ریاست مشی گن کی مجموعی شرح سے بھی زیادہ بتائی جاتی ہے۔
شامی گلوکارہ اصالہ نصری کے 60 لاکھ ڈالر کے قیمتی زیورات امریکا میں چوری
واپس خبروں پر
Category:
تفریح