کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار شہریار منور نے مقبول ڈرامے ’درِ نجات‘ میں اپنے کردار امان گجر پر مداحوں کے مثبت اور منفی تبصروں کا دلچسپ انداز میں جواب دیا ہے۔نجی ٹی وی کے ڈرامے ’درِ نجات‘ کی حالیہ اقساط میں شہریار منور ماضی کے مناظر میں ابوبکر کے والد اور خوش بخت کے شوہر امان گجر کا کردار ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ڈرامے میں ان کے کردار کے رویے اور خواتین کو دیکھنے کے انداز پر سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر صارفین مختلف ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ایک مداح نے تبصرہ کیا کہ ابوبکر کے والد جس انداز سے دیکھتے ہیں، اسے دیکھ کر اسکرین کے دوسری جانب بیٹھے ہوئے بھی ہراسانی کا احساس ہوتا ہے۔اس تبصرے پر شہریار منور نے جواب دیا کہ انہیں یہی کردار ادا کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی اور وہ اس ردعمل کو اپنے لیے تعریف سمجھیں گے۔اداکار نے ایک اور بیان میں کہا کہ امان گجر جیسی شکاری ذہنیت رکھنے والے افراد ہمارے معاشرے میں موجود ہیں، مگر اکثر ان کی پہچان نہیں ہو پاتی۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ بہتر رابطہ اور اعتماد کا تعلق قائم رکھیں تاکہ انہیں ایسے افراد سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے۔
ڈراما ’درِ نجات‘ کے امان گجر سے مداح خوفزدہ، شہریار منور کا دلچسپ ردعمل وائرل
واپس خبروں پر
Category:
تفریح