لندن( شوبز ڈیسک)برطانوی اداکارہ امبیکا موڈ نے کہا ہے کہ فلم اور ٹیلی ویژن کی دنیا میں جنوبی ایشیائی فنکاروں کو اب بھی نسلی امتیاز اور غیر مساوی مواقع کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کی پیشہ ورانہ ترقی متاثر ہو رہی ہے۔برطانوی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے 31 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز کی صنعت میں امتیازی رویے جڑ پکڑے ہوئے ہیں اور جنوبی ایشیائی فنکاروں کے لیے نمایاں کامیابی حاصل کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اداکاری کے میدان میں تمام فنکاروں کو یکساں مواقع اور ترقی کی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔امبیکا موڈ کے مطابق وہ ایسے کردار ادا کرنے سے گریز کرتی ہیں جن میں جنوبی ایشیائی خواتین کو محض نمائشی یا روایتی محدود کرداروں میں دکھایا جائے۔ ان کی خواہش ہے کہ پردۂ سیمیں پر ان خواتین کی حقیقی، مضبوط اور ہمہ جہت شخصیت اجاگر کی جائے۔اداکارہ نے بی بی سی کے ڈرامے ’’دس ایز گوننگ ٹو ہرٹ‘‘ اور نیٹ فلکس کی سیریز ’’ون ڈے‘‘ سے نمایاں شہرت حاصل کی۔ وہ جاسوسی سنسنی خیز سیریز ’’بلیک ڈَووز‘‘ کے دوسرے سیزن میں خفیہ ایجنٹ لیلا کا کردار بھی نبھا رہی ہیں۔