ممبئی (شوبز ڈیسک) معروف اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کی نامور شخصیات کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عوامی مقامات اور بڑے اجتماعات سے دور رہنے کا مشورہ دے دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے فلمی ستاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رش والے مقامات پر جانے اور مداحوں سے ملاقات کے دوران خصوصی احتیاط برتیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ممبئی میں 3 مسلح افراد نے اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث ہونے کے شبہے میں 3 افراد کو گرفتار کیا تھا، جبکہ مبینہ سازش میں کردار کے شبہے پر مزید 8 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا اس حملے کے پیچھے کسی جرائم پیشہ گروہ کا ہاتھ تھا۔واقعے کے بعد ممبئی میں بالی ووڈ شخصیات کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔