کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار دانش تیمور نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ عائزہ خان کے ساتھ مستقبل میں کسی ڈرامے میں کام کرنے کے حوالے سے اپنی شرائط واضح کردی ہیں۔دانش تیمور اور عائزہ خان 2014ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ دونوں فنکار اپنی عمدہ اداکاری کے باعث پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور مداحوں میں بھی خاصی مقبولیت حاصل ہے۔دانش تیمور ان دنوں ڈرامہ سیریل ’نِشتر‘ میں اداکاری کے باعث توجہ حاصل کر رہے ہیں، جبکہ عائزہ خان اداکار فواد خان کے ساتھ اپنی آنے والی فلم کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔حال ہی میں دانش تیمور نے امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیو برنزوک میں منعقدہ فلاحی تقریب ’آور پیپل آور پاکستان‘ میں شرکت کی، جہاں وہ خصوصی مہمان تھے۔ اس موقع پر انہوں نے مداحوں سے ملاقات کی اور فنڈ جمع کرنے کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔تقریب کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مستقبل میں دوبارہ عائزہ خان کے ساتھ کسی ڈرامے میں کام کرنا چاہیں گے؟ اس پر اداکار نے کہا کہ بالکل، عائزہ کے ساتھ کام کرنے سے کون انکار کرسکتا ہے، ہم دونوں کو اداکاری سے محبت ہے اور ماضی میں بھی ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔دانش تیمور کا کہنا تھا کہ وہ دونوں فی الحال کسی مضبوط اور منفرد کہانی کے منتظر ہیں۔ اگر دوبارہ ایک ساتھ کام کیا تو یہ کوئی خاص منصوبہ ہونا چاہیے، جس میں دونوں فنکاروں کے کرداروں کو متوازن رکھا جائے اور انہیں یکساں اہمیت دی جائے۔