انقرہ( سپورٹس ڈیسک)ترکیہ کی سپر لیگ میں گالاتاسرائے اور فینرباہچے کے درمیان میچ کے بعد کھلاڑی آپس میں لڑ پڑے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔رپورٹس کے مطابق انٹرکانٹینینٹل ڈربی میں 1-2 سے شکست کے بعد فینرباہچے کے کھلاڑیوں کا غصہ بے قابو ہوگیا، جس کے باعث میدان میں کشیدگی پھیل گئی اور عملے کے ارکان کو صورتحال سنبھالنے کے لیے مداخلت کرنا پڑی۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں گالاتاسرائے کے کپتان عبدالکریم بردقجی اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو جھگڑے سے دور لے جاتے دکھائی دیتے ہیں۔صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب متعدد کھلاڑیوں اور اسٹیڈیم کی سکیورٹی نے بھی مداخلت کی۔ ویڈیو میں انگلش فٹبالر آرچی براؤن کو حریف کپتان بردقجی کی گردن بازوؤں میں جکڑتے اور بعدازاں انہیں کھینچ کر زمین پر گراتے دیکھا جاسکتا ہے۔