لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر نیپال پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی کوریج کے لیے کھٹمنڈو پہنچ گئے، جہاں کرکٹ شائقین نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔اپنی تیز رفتار بولنگ کے باعث ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے نام سے مشہور شعیب اختر نے نیپالی مداحوں کے جوش و خروش پر خوشی کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کھٹمنڈو کے شائقین کی گرم جوشی غیر معمولی ہے اور انہیں نیپالی کرکٹ کی ترقی قریب سے دیکھنے پر فخر ہے۔شعیب اختر ٹورنامنٹ کے آفیشل براڈکاسٹر ہمالیہ اسپورٹس کے خصوصی مہمان کی حیثیت سے شریک ہیں۔ وہ میچوں سے قبل اور اختتام پر ہونے والے پروگراموں میں تجزیہ پیش کریں گے اور اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے تجربات بھی شائقین سے شیئر کریں گے۔ان کے دورے میں مداحوں سے ملاقات اور کرکٹ سے متعلق مختلف سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔نیپال پریمیئر لیگ 2026 کا آغاز 26 اکتوبر سے ہوا ہے اور ٹورنامنٹ 21 نومبر تک جاری رہے گا۔ ایونٹ میں 8 ٹیمیں مجموعی طور پر 32 میچز کھیلیں گی، جبکہ معین علی، آندرے رسل اور شکیب الحسن جیسے نامور بین الاقوامی کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں۔شعیب اختر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 444 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان کی آمد سے نیپال پریمیئر لیگ کی توجہ مزید بڑھ گئی ہے۔