لاہور (شو بز ڈیسک) چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کراچی کو لڑکیوں کے لیے جیل قرار دینے پر اداکارہ حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت دے دی۔حنا الطاف نے چند روز قبل لندن کی سڑکوں پر چہل قدمی کے دوران ایک ویڈیو بنائی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کراچی واپسی سے پہلے لندن میں آخری ناشتہ کر لوں، کیونکہ اس کے بعد دوبارہ کراچی کی جیل میں قید ہونا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں لڑکیاں آزادی سے زندگی نہیں گزار سکتیں اور سڑکوں پر چلنا بھی مشکل ہے۔اس بیان پر حنا پرویز بٹ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اداکارہ کی ویڈیو دیکھی ہے، جس میں کراچی میں خواتین کو درپیش حفاظتی مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔حنا پرویز بٹ نے حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں خواتین کا تحفظ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا عزم ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں خواتین بلا خوف و خطر آزادی اور اعتماد کے ساتھ نقل و حرکت کر سکیں اور انہیں ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ لندن کے مقابلے میں خواتین لاہور میں خود کو زیادہ محفوظ محسوس کرتی ہیں، جہاں کسی خاتون کو تشدد یا ہراسانی کا نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔