کراچی ( شو بز ڈیسک) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا آغاز 29 اکتوبر سے ہوگیا ہے، جو 22 نومبر تک جاری رہے گا۔ میلے میں 150 سے زائد ممالک کے ایک ہزار سے زیادہ غیر ملکی اور 500 سے زائد پاکستانی فنکاروں کی شرکت متوقع ہے۔فیسٹیول میں موسیقی، تھیٹر، رقص، فلم اور بصری فنون کے مختلف پروگرام پیش کیے جائیں گے، جبکہ فلسطینی فنکاروں کی کہانیاں بھی عالمی ثقافتی پلیٹ فارم پر اجاگر کی جائیں گی۔آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کے مطابق اس سال فیسٹیول کی تقریباً 90 فیصد پرفارمنسز نئی ہوں گی، جبکہ گزشتہ سال کی 10 سے 15 فیصد نمایاں پرفارمنسز بھی دوبارہ شامل کی گئی ہیں۔فیسٹیول میں فلسطینی تھیٹر ڈائریکٹر اور اداکار احمد الطوباسی کا ڈراما ’اینڈ ہیئر آئی ایم‘ 2 نومبر کو پیش کیا جائے گا۔ یہ ڈراما ان کی زندگی، جنین کے پناہ گزین کیمپ میں قیام، قید کے تجربات اور تھیٹر کی دنیا تک ان کے سفر پر مبنی ہے۔منتظمین کے مطابق امریکہ، ایران، عراق، فلسطین، لاطینی امریکہ، متحدہ عرب امارات، قطر، الجزائر، مراکش، ترکیہ اور مصر سمیت متعدد ممالک کے فنکار میلے میں شرکت کریں گے۔بصری فنون کی نمائش ’میتھڈ اینڈ میڈنیس‘ میں بنگلہ دیش، جرمنی، متحدہ عرب امارات، ایران اور ایتھوپیا کے فنکاروں کا کام پیش کیا جائے گا۔ سویڈن کی میورل آرٹسٹ ڈومی فورسٹ اور سنگاپور کے فنکار یپ ییو چونگ بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔فیسٹیول کا آغاز 29 اکتوبر کو حمزہ اکرم قوال اینڈ برادرز کی قوالی نائٹ اور ہپ ہاپ ڈانس پرفارمنس سے ہوا۔ ’میتھڈ اینڈ میڈنیس‘ نمائش 30 اکتوبر سے 2 نومبر تک احمد پرویز آرٹ گیلری میں جاری رہے گی۔ 31 اکتوبر کو ’دی اوورکوٹ‘ سمیت مختلف تھیٹر پرفارمنسز جبکہ 2 نومبر کو احمد الطوباسی کا ڈراما پیش کیا جائے گا۔آرٹس کونسل کے مطابق بیشتر پروگرام عام شہریوں کے لیے مفت ہوں گے، تاہم شرکت کے لیے پیشگی رجسٹریشن ضروری ہوگی۔ فیسٹیول کا اختتام 22 نومبر کو پاکستانی گلوکار سجاد علی کی پرفارمنس کے ساتھ ہوگا۔