کراچی (شو بز ڈیسک) پاکستانی اداکار فیصل قریشی اور حریم فاروق نے اپنی نئی پنجابی فلم ’مینگو جٹ‘ کے خلاف مبینہ طور پر معاوضے کے عوض منفی مہم چلانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔فیصل قریشی نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں سوال اٹھایا کہ فلم دیکھے بغیر ہی اس کے خلاف منفی تبصرے کیوں شروع کردیے جاتے ہیں؟اداکار کا کہنا تھا کہ سنجیدہ ناقدین فلم دیکھنے کے بعد اپنی رائے دیتے ہیں، لیکن مبینہ طور پر پیسے لے کر چلائی جانے والی مہم میں اگلے ہی روز منفی تبصروں کی بھرمار ہوجاتی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی سرگرمیاں پہلے ہی مشکلات کا شکار پاکستانی فلم انڈسٹری کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔دوسری جانب فلم کی پروڈیوسر اور اداکارہ حریم فاروق نے سوشل میڈیا پر بعض اسکرین شاٹس شیئر کیے، جن سے یہ شبہ ظاہر کیا گیا کہ منفی پوسٹس معاوضے کے عوض شائع کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ فلم ’مینگو جٹ‘ کے خلاف منظم اور معاوضے کے عوض چلائی جانے والی منفی مہم کے الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔