ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سونی رازدان نے اداکارہ دیا مرزا کے بعد دیوالی پر پٹاخے پھوڑنے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ملک دشمنی کے مترادف قرار دیا ہے۔سونی رازدان نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ کم عمر بچوں کے والدین بخوبی جانتے ہیں کہ فضائی آلودگی کس طرح بچوں کی صحت کو متاثر کرتی ہے اور بیماریوں کے باعث انہیں کتنے دن اسکول سے غیر حاضر رہنا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں دیوالی پر ایک بھی پٹاخہ پھوڑنا زندگی، صحت اور ملکی مفاد کے خلاف ہے۔ لوگوں کو اپنی اور اپنے بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ذمہ دارانہ فیصلہ کرنا چاہیے۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ پر تبصروں کا سلسلہ بھی بند کر رکھا ہے۔سونی رازدان کا یہ بیان دیا مرزا کی جانب سے پٹاخوں کے بغیر دیوالی منانے کی اپیل پر پیدا ہونے والے تنازع کے بعد سامنے آیا ہے۔ ممبئی کی شہری انتظامیہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے اعتراض کے بعد دیا مرزا کی ماحولیاتی آگاہی سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا سے ہٹا دی تھی۔بعد ازاں بمبئی ہائی کورٹ نے انتظامیہ کو ویڈیو دوبارہ جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی تمام مذاہب اور طبقات کے لوگوں کو یکساں متاثر کرتی ہے۔ عدالت نے اس معاملے پر غیر ضروری تنازع کھڑا کرنے پر بھی افسوس کا اظہار کیا تھا۔واضح رہے کہ دیا مرزا کے علاوہ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور بھارتی کرکٹر اجنکیا رہانے سمیت دیگر معروف شخصیات نے بھی ماحول دوست دیوالی منانے کی مہم میں حصہ لیا تھا۔